بیجنگ،24جون(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) چین میں طوفانِ باد وباراں کے سبب ہلاکتوں کی کم از کم تعداد 98 تک پہنچ گئی ہے جبکہ سینکڑوں دیگر افراد زخمی ہیں۔ ازبکستان کے دورے پر پہنچے چینی صدر شی جِن پِنگ نے حکومتی اداروں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
چینی علاقے جیانگ سُو سے ٹکرانے والے خوفناک طوفان میں ہوا¶ں کی رفتار 125 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تھی جس کی وجہ سے پورے کے پورے گا¶ں ملیا میٹ ہو گئے اور درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے۔ چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق اب تک 98 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 800 سے زائد زخمی ہیں۔ شنہوا نے یہ بات مقامی حکام کے حوالے سے بتائی ہے۔
اس طوفان کو جیانگ سو کے علاقے میں آنے والی بدترین قدرتی آفت قرار دیا جا رہا ہے جبکہ چین میں گزشتہ نصف صدی کا بدترین طوفانی جھکڑ۔ اس طوفان کی تباہی کے سبب اسے ایک قومی ایمرجنسی قرار دے دیا گیا ہے۔
طوفان کے زیر اثر چین کے بہت سے علاقے شدید بارشوں سے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ یہ بارشیں عام طور پر موسم گرما میں ہونے والی بارشوں سے کہیں زیادہ شدید ہیں۔ شنہوا کے مطابق اس باعث 500 سے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 200 شدید زخمی بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لِکسِن نامی شہر میں متعدد گھر اور کاریں تباہ ہو گئیں اور درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے۔
چین کے سرکاری ٹیلی وژن سی سی ٹی وی کے مطابق بیجنگ کی طرف سے ٹینٹ اور دیگر ایمرجنسی ساز وسامان متاثرہ علاقوں کی طرف بھیجنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
چینی صدر شی جِن پِنگ نے ملکی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے اور لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ شنہوا کے مطابق امدادی کاموں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے 1300 پولیس اہلکار متاثرہ علاقے میں بھیج دیے گئے ہیں۔
چین کا شمالی حصہ عام طور پر بھی مئی سے جولائی کے دوران ہونے والی سالانہ مون سون بارشوں سے متاثر ہوتا ہے تاہم رواں سیزن یہ بارشیں کہیں زیادہ شدید ہیں۔ اسی باعث بعض بڑے دریا¶ں میں پانی کی سطح 1998ءکی سطح سے بھی بڑھ گئی ہے۔ 1998ءمیں آنے والے بد ترین سیلابوں سے چین میں 180 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے تھے۔